ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کا انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران امتحانی مرکز کادورہ ، انتظامات کا جائزہ

پیر 5 مئی 2025 23:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد اظہر شہزاد نے جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران امتحانی مرکز کادورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے امیدواروں کی امتحانی سلپس چیک کیں اور پینے کے پانی، سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر اظہر شہزاد نے امتحانی مرکز کے انچارج اور دیگر عملے سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ امتحانی ماحول کو مکمل طور پر شفاف، پْرامن اور نقل سے پاک رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی ذرائع سے امتحان دینے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اظہر شہزاد نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی سہولت اور ذہنی سکون کے لیے امتحانی مراکز میں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنے امتحانات دے سکیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر انتظامات کا جائزہ لیا جائے اور کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے۔امتحانی مرکز کے عملے نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دلایا کہ تمام ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :