عالمی عدالت انصاف: یو اے ای کے خلاف سوڈان کا مقدمہ خارج

یو این منگل 6 مئی 2025 03:45

عالمی عدالت انصاف: یو اے ای کے خلاف سوڈان کا مقدمہ خارج

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 06 مئی 2025ء) عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے نسل کشی میں مدد دینے کے الزام میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف سوڈان کا مقدمہ مسترد کر دیا ہے۔

عدالت نے کہا ہے کہ نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا کے کنونشن (انسداد نسل کشی کنونشن) کے تحت سوڈان کی درخواست پر سماعت اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔ اسی لیے عدالت اس معاملے میں کوئی احکامات بھی جاری نہیں کر سکتی۔

سوڈان کے مقدمے کو مسترد کرنے کے حق میں 14 منصفین نے ووٹ دیے جبکہ 2 نے اس کی مخالفت کی۔ عدالت نے 7 کے مقابلے میں 9 کی اکثریت سے اس درخواست کو مقدمات کی اپنی عمومی فہرست سے بھی خارج کر دیا ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ وہ 'یو اے ای' کے خلاف سوڈان کی جانب سے کیے گئے دعووں کی سچائی کے حوالے سے کوئی موقف اختیار کرنے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

سوڈان کے الزامات

سوڈان نے 'یو اے ای' کے خلاف درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس کی ریاست مغربی ڈارفر میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کو مدد مہیا کر رہا ہے جو غیرعرب ماسالیت آبادی کے خلاف نسل کشی کے اقدامات میں ملوث ہے۔

سوڈان میں 'آر ایس ایف' اور ملک کی مسلح افواج (ایس اے ایف) کے مابین اپریل 2023 سے لڑائی جاری ہے جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور ایک کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو گئے ہیں۔

عدالت کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ اس مقدمے کو نہیں سن سکتی تاہم نسل کشی کنونشن کے تحت تمام ممالک اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کے پابند ہیں۔