عالمی تعلیمی رجحانات سے ہم آہنگ رہنے کے لیے ہمیں ٹیکنالوجی سے چلنے والے طریقوں کو مربوط کرنا ہو گا، مقررین

منگل 6 مئی 2025 10:20

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2025ء)اعلیٰ تعلیم میں جدید تدریسی طریقوں اور عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے تعلیم میں ابھرتے ہوئے رجحانات اور بہترین طریقوں پر دو روزہ بین الاقوامی سمپوزیم کا انعقاد کیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایت پر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر ایکسٹینشن، ایجوکیشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام منعقدہ سمپوزیم میں ماہرین تعلیم، محققین اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر بابر شہباز نے سٹوڈنٹ سنٹرڈ ٹیچنگ سسٹم کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں، جسمانی اور آن لائن سیکھنے کے امتزاج نے تعلیمی نظام کی ہیئت تبدیل کر دی ہے جس سے کلاس روم کے روایتی ماحول کو جدید شکل میں تبدیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی تعلیمی رجحانات سے ہم آہنگ رہنے کے لیے ہمیں ٹیکنالوجی سے چلنے والے طریقوں کو مربوط کرنا ہو گا۔

کینیڈا سے ڈاکٹر کرینتھائی کورپن، ڈاکٹر وینونا پارٹریج اور ڈاکٹر کیتھلین ودیگر مقررین نے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید طریقہ نظام کو اپنانے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کی بدلتی صورتحال سمیت تعلیمی سرگرمیوں میں جدت لانے پر زور دیا۔ ڈاکٹر عقیلہ صغیر نے کوآپریٹو سیکھنے کے پانچ بنیادی عناصر کے بارے میں بات کی۔