وزیراعلیٰ پنجاب گندم سپورٹ پروگرام کے تحت کاشتکاروں سے15 مئی تک درخواستیں طلب

منگل 6 مئی 2025 14:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب گندم سپورٹ پروگرام کے تحت کاشتکاروں سے15 مئی تک درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے بتایا کہ گندم ملکی فوڈ سکیورٹی کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے جبکہ امسال صوبہ میں 1کروڑ62 لاکھ ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت ہوئی جس سے 2 کروڑ 21 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی پیداوار کا حصول متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے گندم کے کاشتکاروں کے مالی تحفظ کیلئے ملکی تاریخ کا منفردگندم سپورٹ پروگرام متعارف کروایا ہے جس کے تحت فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع سمیت صوبہ بھر میں 12.5ایکڑ تک ملکیت کے حامل گندم کاشت کرنیوالے کاشتکاروں کو پنجاب بینک کے توسط سے 5 ہزار روپے فی ایکڑ مالی معاونت فراہم کی جا ئے گی تاہم اس سے زائد رقبہ کے حامل کاشتکار اہل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مالکان و مزارعین وزیراعلیٰ گندم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں درخواستیں 15 مئی تک جمع کروائی جاسکتی ہیں نیز کاشتکار آن لائن اپلائی کرنے کیلئے ویب سائٹ wsp2025.punjab.gov.pk پر رابطہ کرسکتے ہیں۔