ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن ،غیر قانونی تعمیرات اور دکانوں کو مسمار کر دیا

منگل 6 مئی 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) ضلعی انتظامیہ نے سریاب روڈ توسیعی منصوبے کے تحت دوکانی بابا چوک اور رئیسانی روڈ پر بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات اور دکانوں کو مسمار کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سریاب سعد بن کلیم نے ایس ڈی او اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔

آپریشن کے دوران سریاب روڈ کے اطراف میں قائم غیر قانونی تعمیرات اور دکانوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا جو کہ سڑک کی توسیع میں رکاوٹ بن رہی تھیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سریاب روڈ کو شہریوں کے لیے کشادہ اور خوبصورت بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ عوام کو آگاہی دی اور غیر قانونی قابضین کو ازخود تجاوزات ہٹانے کے لیے مہلت دی گئی تھی مگر مقررہ مدت کے بعد کارروائی عمل میں لانا ناگزیر ہو گیا، کارروائی کے نتیجے میں بڑی مقدار میں سرکاری زمین واگزار کرائی گئی ہے جو کہ سریاب روڈ کی توسیع میں استعمال ہوگی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی ، حادثات میں کمی آئے گی اور شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت حاصل ہوگی۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور کسی قسم کے دباؤ یا مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :