کاشتکار جنتر کی کاشت کرکے زمینوں میں نامیاتی کھادوں کی کمی کو دور کرسکتے ہیں، محکمہ زراعت

بدھ 7 مئی 2025 11:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) کاشتکار جنتر کی کاشت کرکے زمینوں میں نامیاتی کھادوں کی کمی کو دور کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈیشنل چارج)محکمہ زراعت (توسیع) سمبڑیال نے کسانوں کے نام اپنے پیغام میں کہاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام زمینوں میں نامیاتی مادہ کی بہت زیادہ کمی ہے جس سے پیداوار میں کمی آرہی ہے اور کھادوں پر کسان اخراجات بھی زیادہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھادوں کے اخراجات بچانے اور زمین کو زرخیز بنانے کیلئے جنتر کی کاشت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دھان کی فصل سے پہلے جنتر کی کاشت کرلینے سے زیادہ فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، دھان کی کاشت کے وقت جنتر کی فصل کو کھیت میں ہی دبا کر سبز کھاد تیار کرکے مہنگی کھادوں کے خرچہ کو بھی کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی راہنمائی کیلئے ہمارے نمائندے فیلڈ میں موجود ہیں ،کسان حضرات نمائندوں سے یا محکمہ زراعت کے دفاتر سے رابطہ کرکے مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔