آئی پی ایل کے مہنگے ترین کرکٹر کی بدترین کارکردگی، اپنی ٹیم کو مایوس کر دیا

بدھ 7 مئی 2025 17:12

آئی پی ایل کے مہنگے ترین کرکٹر کی بدترین کارکردگی، اپنی ٹیم کو مایوس ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے مہنگے ترین کرکٹر رشبھ پنت ایونٹ میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے کے باوجود بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔لکھنو سپر جائنٹس نے ان کی خدمات ریکارڈ 27 کروڑ بھارتی روپے میں حاصل کی تھیں، جبکہ کرکٹر نے اب تک 11 میچز میں صرف 128 رنز بنائے ہیں، جس میں ایک ففٹی شامل ہے، وہ 3 بار ہی ڈبل فیگر میں جاسکے۔

رشبھ پنت نے رواں سیزن میں یہ رنز 12.80 کی اوسط اور 99.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے۔ پنت کو امباتی رائیڈو نے اپنی اپروچ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے پنت سے ہمدردی ہے مگر وہ بھی مسلسل ناکامی کے باوجود اپنے کھیلنے کے انداز میں تبدیلی نہیں لا رہے، انہیں اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آئی پی ایل لیگ میں موجود کھلاڑیوں میں عدم برداشت کا عنصر تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، اس وجہ سے بھارتی اسٹیڈیمز کھیلوں کے میدان کم اور اکھاڑے زیادہ لگنے لگے ہیں۔

تازہ واقعے میں آئی پی ایل کے ایک میچ کے دوران کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے بیٹر رنکو سنگھ کو دہلی کیپیٹلز کے کلدیپ یادیو نے میدان میں تھپڑ دے مارا۔بھارتی کرکٹر کلدیپ یادیو کی اپنے ساتھی کرکٹر رنکو سنگھ کو میچ کے اختتام پر طمانچہ مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے۔میچ کے دوران دونوں کرکٹرز میں جھگڑا شروع ہوا تھا تاہم میدان میں کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کرتے ہوئے جھگڑا ختم کروادیا تھا جبکہ واقعہ میچ ریفری کو رپورٹ کردیا گیا۔