کاٹی کا بھارت کو منہ توڑ جواب پر پاک فوج کو سلام

لڑاکا طیارے گرا کر افواج پاکستان نے ثابت کر دیا ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، صدر جنید نقی

بدھ 7 مئی 2025 21:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے جنگی جنون سے سرشار بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے اور اس کے نتیجے میں 26 بے گناہ شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ اور انسانیت کے خلاف کھلی بربریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے جوابی کارروائی میں دشمن کے پانچ لڑاکا طیارے مار گرا کر ثابت کر دیا کہ ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، اور دشمن کو پیغام دیا ہے کہ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں اور کوئی بھی جارح قوت ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔ صدر کاٹی نے کہا کہ بھارتی حملہ ایک غیر اخلاقی اور غیر انسانی اقدام تھا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جنید نقی نے کہا کہ قوم کا ہر فرد افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان کے جذبہ قربانی، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی اس وقت دفاع وطن کے مشن میں افواج کے شانہ بشانہ ہے اور ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

جنید نقی نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دینا ہی پاکستان کے تحفظ اور استحکام کی ضمانت ہے۔ کاٹی کے صدر نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں قیامِ امن کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے نہ صرف دشمن کو سبق سکھایا بلکہ قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعت و تجارت محب وطن جذبے سے سرشار ہے اور وطن پر آنچ نہ آنے دینے کے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ کاٹی اور ملک کی بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ پاک افواج کے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی ملکی سلامتی اور دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔