ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 800 روپے اضافہ ریکارڈ

بدھ 7 مئی 2025 23:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2025ء) ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 800 روپے اضافے کے ساتھ فی تولہ سونا 3 لاکھ 56 ہزار 9 سو روپے کا ہوگیا ۔

(جاری ہے)

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 56 ہزار 9 سو روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 24 قیراط سونے کے 10 گرام کی قیمت بھی 684 روپے اضافے کے بعد 305,300 روپے سے بڑھ کر 305,984 روپے ہوگئی اور 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 279,868 روپے سے بڑھ کر 280,495 روپے ہوگئی۔

آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت بالترتیب 3,482 روپے اور 2,985 روپے پر مستحکم رہی ۔ ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3,377 ڈالر سے بڑھ کر 3,385 ڈالر ہو گئی۔