ْلاہور پولیس کی قذافی اسٹیڈیم میں کسی ہنگامی صورتحال ،دہشتگردی کا حملہ ناکام بنانے کی مشق

مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی مذموم چال کو بروقت اور موثر انداز میں ناکام بنانا ہے‘ڈی آئی جی آپریشنز

جمعرات 8 مئی 2025 11:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)لاہور پولیس نے کسی بھی ہنگامی یا دہشتگردی کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے شہر میں فرضی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ مشق کے دوران دہشتگردی کی ایک کارروائی کو ناکام بنانے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

مشقوں میں لاہور پولیس کے تمام ونگز بشمول آپریشنز، ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ، پٹرولنگ، ٹریفک پولیس، ایس ایچ اوز اور اے ایس پیز نے حصہ لیا، جبکہ ریسکیو 1122 اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں نے بھی مشق کا حصہ بن کر اپنی تیاریوں کا مظاہرہ کیا۔

مشق کی نگرانی ایس پی ماڈل ٹائون اخلاق تارڑ نے کی جبکہ مجموعی انچارج ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد دشمن کی کسی بھی مذموم چال کو بروقت اور موثر انداز میں ناکام بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس حکومت پنجاب اور آئی جی پولیس کے احکامات کی روشنی میں ہمہ وقت چوکس ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اپنی افواج کے شانہ بشانہ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔