کاشتکار بھائی گندم کی کٹائی کے بعد بھوسے کو آگ مت لگائیں،ڈپٹی ڈائر یکٹر زراعت توسیع

جمعرات 8 مئی 2025 13:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کٹائی کے بعد بھوسے کو آگ مت لگائیں کیونکہ صحت مند معاشرے اور انسانی صحت کیلئے ماحول کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے جبکہ مڈھوں کو آگ لگانے سے فضائی آلودگی میں اضافہ کے علاوہ زمین میں موجود نامیاتی مادہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے جس سے زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد عدیل احمد نے کہا کہ اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 اور پنجاب ماحولیاتی تحفظ (سموگ کا سد باب اور روک تھام) قوانین 2023 کے تحت سموگ کو فضائی آلودگی قرار دیا گیا ہے لہٰذا دھان،گندم،مکئی اور دیگر فصلات کی باقیات مڈھوں کو آگ لگانا پنجاب ماحولیاتی تحفظ قوانین کی دفعہ 7 کے تحت قانوناََ جرم ہے جس کی خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کیا جائیگا اور اس کے علاوہ ایف آئی آر کا اندراج الگ سے ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام کاشتکاروں سے گزارش ہے کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر درج بالا سزاؤں کا اطلاق ہو گا۔انہوں نے کہا کہ فصل کی باقیات کو جلانے سے دھواں پیدا ہوتا جو کہ روڈ حادثات کا موجب بنتا ہے لہٰذا کاشتکار بھائی فصل کی باقیات کو آگ نہ لگائیں بلکہ روٹا ویٹراور ڈسک ہیرو کی مدد سے زمین میں ملائیں اور نامیاتی مادہ کی مقدار بڑھائیں جس سے زمین کی زرخیزی بڑھے گی اور کاشتکار کے کھاد کے اخراجات میں کمی واقع ہوگی۔