نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، حادیہ نواز بہرانی

ثبوت 45 مرد و خواتین سوشل موبلائزر کو ملازمت کے آرڈرز کی فراہمی ہے ،پارلیمانی سیکرٹری

جمعہ 9 مئی 2025 17:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)پارلیمانی سیکرٹری بہبود آبادی حادیہ نواز بہرانی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کا ثبوت آج 45مرد و خواتین سوشل موبلائزر کو ملازمت کے آرڈرز کی فراہمی ہے جس سے 45خاندانوں کے گھروں کے چولہے جلیں گے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو محکمہ بہبود آبادی کے دفتر میں 45مرد و خواتین سوشل موبلائزر کو انکی تعیناتی کے آرڈر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی محمد عظیم کاکڑ،میرعامر بہرانی ، سینئر ڈسٹرکٹ آفیسر محمد ایوب کاکڑ، اکاؤنٹس آفیسر محمد لطیف محمد حسنی اوردیگر بھی موجودتھے۔حادیہ نواز بہرانی نے کہا کہ صوبے میں بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بے راہ روی کا شکاراور غلط راستے کا انتخاب کر رہی تھی ہم نے اقتدا رمیں آنے کے بعد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اورانکے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی آج مجھے بہت زیادہ خوشی ہورہی ہے کہ میں نے اپناوعدے کو پورا کرتے ہوئے محکمہ بہبود آبادی میں45مرد و خواتین کو ملازمت فراہم کردی ہے اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اورانکے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوںپر اقدامات کررہی ہے جس کا واضح ثبوت آج کی یہ تقریب ہے۔ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی محمد عظیم کاکڑ نے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری بہبود آبادی حادیہ نواز بہرانی کی کوششوں سے محکمہ بہبود آبادی میں سوشل موبلائزر کی پوسٹیں منظور کرائی گئیں اورآج باقاعدہ نوجوانوں اور خواتین میں انکی ملازمت کے آرڈر تقسیم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل موبلائزر گھر گھر جاکر لوگوں کو متوازن خاندان کے بارے میں آگاہی دیں گے۔