ڈی جی پی ایچ اے کا سبھروال کالونی میں واقع زیر تعمیر پارک کا دورہ

اتوار 11 مئی 2025 16:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (ڈی جی پی ایچ اے) سرگودھا چوہدری محمد ارشد نے سرگودھا کی نواحی آبادی سبھروال کالونی میں واقع زیر تعمیر پارک کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اتوار کو دورے کے دوران پی ایچ اے کے متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے جاری منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہری جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارک کے مختلف حصے خصوصاً واکنگ ٹریک، جھولے، سبزہ زار اور روشنی کے انتظامات کاجائزہ لیا اور جھولوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یہ پارک صرف ایک تفریح گاہ نہیں بلکہ اہل علاقہ کے لیے صحت مند ماحول اور سماجی ہم آہنگی کا مرکز بنے گا، شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر موجود پی ایچ اے افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب، صفائی، سایہ دار درختوں کی شجرکاری اور حفاظتی اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ ڈاریکٹر جنرل نے کہا کہ یہ پارک عوام کے لیے ایک خوبصورت تحفہ ثابت ہوگا۔