گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر اشفاق احمد خان کی ملاقات

اتوار 11 مئی 2025 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف ہیئر ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر اشفاق احمد خان نے گزشتہ روز ملاقات کی جس میں صوبے کے صحت کے نظام کو درپیش اہم چیلنجز اور خصوصاً نوجوان ڈاکٹروں کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر اشفاق خان نے شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی برادری کو درپیش سنگین مسائل اجاگر کیا جن میں وسائل کی کمی، تربیتی مواقع کی قلت اور ابھرتے ہوئے طبی ماہرین کےلیے بہتر پالیسی معاونت کی ضرورت شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ڈاکٹروں کی معاونت نہایت ضروری ہے کیونکہ وہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں طبی خدمات کی فراہمی میں اولین کردار ادا کرتے ہیں.

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈاکٹر اشفاق خان کی لگن کو سراہا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ صحت کے شعبے کے ماہرین معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں. انہوں نے عملی حل تلاش کرنے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحت کے ڈھانچے اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع کو بہتر بنانے کے لیے طبی شعبے کے متعلقہ افراد کے ساتھ قریبی تعاون کریں گے.

ڈاکٹر اشفاق احمد خان جو کہ کاسمیٹک سرجری کے میدان میں اپنی خدمات کےلیے جانے جاتے ہیں، صحت کے وسیع تر اصلاحات اور طبی شعبے میں نوجوانوں کے بااختیار بنانے کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہتے ہیں. ڈاکٹر اشفاق نے نوجوان ڈاکٹروں کو جدید طبی تکنیکس اور اخلاقی اصولوں سے روشناس کروانے کے لیے رہنما پروگرامز اور مہارت سازی کی ورکشاپس شروع کرنے کی تجویز بھی دی.

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے اقدامات کی سرپرستی کرے جو طبی ٹیلنٹ کو صوبے میں ہی برقرار رکھنے میں مدد دے اور دیگر ممالک کی طرف جاری برین ڈرین کو کم کرے. گورنر نے اس تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایسے پروگرامز صوبے کے صحت کے نظام کی صلاحیت میں نمایاں بہتری لا سکتے ہیں اور ایک ایسی نئی نسل تیار کر سکتے ہیں جو تربیت یافتہ، پراعتماد اور صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہو. ملاقات کا اختتام باہمی تعاون کے عزم کے ساتھ ہوا اور دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مسلسل بات چیت جاری رکھیں گے اور متعلقہ حکام سے مل کر ایسے قابل عمل اقدامات کریں گے جو ان مسائل کے حل میں مددگار ہوں۔

متعلقہ عنوان :