وانا میں گورگورہ تنازعہ شدت اختیار کرگیا، خوجل خیل نوجوانوں کی حکومت کو تین دن کی ڈیڈلائن

پیر 12 مئی 2025 22:16

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)خوجل خیل قبیلے کے نوجوانوں نے یونین کونسل ڈبکوٹ کے چیئرمین عابد وزیر اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما نورخان وزیر کی قیادت میں وانا پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورگورہ ملکیتی تنازعے پر ڈی سی لوئر جنوبی وزیرستان کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں انکشاف کیا گیا کہ گورگورہ کے علاقے میں ملکیتی جھگڑا خطرناک رخ اختیار کرچکا ہے، جہاں گزشتہ پانچ دنوں سے دونوں فریقین کی جانب سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال جاری ہے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

رہنمائوں نے ڈی سی لوئر وزیرستان ناصرخان کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت کی نگرانی میں کیے گئے پرانے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کرایا جائے، ورنہ کسی بھی نقصان کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔پریس کانفرنس کے اختتام پر خوجل خیل کے نوجوانوں نے حکومت کو تین دن کی مہلت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر اس دوران مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وانا ایف سی کیمپ کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔