خیبر میں شہدا پیکیج کی تقسیم، 11پولیس شہدا کے لواحقین میں 10کروڑ 30لاکھ روپے تقسیم

پیر 12 مئی 2025 23:20

خیبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)شہداء پیکیج کے تحت خیبر میں 11پولیس شہدا کے لواحقین میں مجموعی طور پر 10کروڑ 30لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔خیبر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کے مطابق شہداء پیکیج کے تحت خیبر میں 11پولیس شہدا کے لواحقین میں مجموعی طور پر 10کروڑ 30لاکھ روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ یہ اہلکار مختلف دہشت گردی کے واقعات میں جامِ شہادت نوش کر چکے تھے۔

ڈی پی او کے مطابق یہ اقدام ان بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے اہلِ خانہ کی کفالت کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ شہدا پیکیج کی تقسیم کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد لیویز سنٹر خیبر میں کیا گیا، جس میں شہدا کے یتیم بچوں، خاندانوں اور پولیس حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شہدا کی قربانیوں کو سراہا گیا اور ان کے ورثا کو پرنم آنکھوں سے خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے بتایا کہ ان 11اہلکاروں کے علاوہ مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے 5پولیس اہلکاروں کو بھی ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی خیبر پولیس کے شہدا کے لواحقین کو پیکیج کے تحت مالی معاونت دی گئی ہے۔ ڈی پی او کے مطابق خیبر میں اب تک دہشت گردی کے مختلف حملوں میں مجموعی طور پر 134پولیس اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس ان شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، اور ان کے خاندانوں کی بھرپور معاونت جاری رکھی جائے گی۔ یہ اقدام نہ صرف پولیس فورس کے حوصلے کو بلند کرتا ہے بلکہ شہدا کے خاندانوں کے لیے ریاستی سطح پر ایک اہم سہارا بھی ثابت ہوتا ہے۔