زرعی ماہرین معیاری تحقیقی امور اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لائیں، ڈاکٹر ذوالفقار علی

منگل 13 مئی 2025 12:32

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ زرعی ماہرین معیاری تحقیقی امور اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لائیں تاکہ زرعی چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں مین کیمپس میں بی ایس باٹنی، زوالوجی، فزکس، کیمسٹری، بائیو کیمسٹری، شماریات اور ریاضی (ایوننگ) کے ڈگری پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں سب کیمپس بورے والا وہاڑی میں بی ایس کیمسٹری، بی ایس باٹنی اور بی ایس زوالوجی (مارننگ) اور بی ایس سافٹ ویئر انجینئرنگ ایوننگ ڈگری پروگرامز کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ ہمیں دورحاضر کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا ہو گی جو علاقائی، قومی اور بین الاقوامی ضروریات کو پورا کر سکے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام ڈگری پروگرامز اور ہنر مند کورسز کو قومی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں جو جدید چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ رجسٹرار عمر سعید قادری نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :