کمشنرسرگودھا کی زیرِ صدارت اجلاس، عید الاضحیٰ صفائی پلان،مویشی منڈیوں کے قیام اورشہروں کی بیوٹیفکیشن کا جائزہ لیا

منگل 13 مئی 2025 17:24

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی پلان، عارضی مویشی منڈیوں کے قیام، شہروں کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، کیٹل مارکیٹ کمیٹی اور سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے شرکت کی اور تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کیٹل مارکیٹ کمیٹی چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر 14 مویشی منڈیاں ہفتہ کے مختلف ایام میں لگا رہی ہے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر ان منڈیوں کو عارضی سیل پوائنٹس میں منتقل کرنے اور تحصیل سطح پر میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے اضافی سیل پوائنٹس قائم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ کیٹل مارکیٹ کمیٹی افسران سے مل کر تمام انتظامات کو بروقت اور موثر طریقے سے مکمل کریں تاکہ شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خریداری میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے اجلاس کو صفائی کے ابتدائی پلان سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ عید کے تینوں ایام میں اضافی ورکرز، مشینری اور دو شفٹوں میں صفائی کے انتظامات کیے جائیں گے۔ گھر گھر بائیوڈیگریڈیبل بیگز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ شہر و دیہات میں جگہ جگہ عارضی کلیکشن پوائنٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز ایس ڈبلیو ایم سی سے قریبی رابطے میں رہتے ہوئے صفائی آپریشن کو موثر انداز میں ترتیب دیں۔

اجلاس میں عوامی بہبود اور شہروں کی خوبصورتی سے متعلق اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، اے ڈی سی آر سرگودہا فہد محمود، اے ڈی سی جی عمر فاروق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک سمیت ایس ڈبلیو ایم سی اور کیٹل مارکیٹ کمیٹی کے افسران نے شرکت کی۔