یونیورسٹی آف سرگودھا میں ''نیوٹری سیوٹیکلز:کلینیکل نیوٹریشن پریکٹس کا ایک اہم جزو' کےعنوان سے سیمینار اور نیوٹریشن اسسمنٹ کیمپ کا انعقاد

منگل 13 مئی 2025 19:35

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے زیر اہتمام ''نیوٹری سیوٹیکلز: کلینیکل نیوٹریشن پریکٹس کا ایک اہم جزو'' کے موضوع پر سیمینار اور نیوٹریشن اسسمنٹ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کا مقصد جدید کلینیکل نیوٹریشن میں نیوٹری سیوٹیکلز کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کی سائنسی افادیت، صنعتی امکانات اور تحقیق کے نئے رجحانات کے بارے میں شعور بیدار کرنا تھا۔

سیمینار میں سکون پرائیویٹ لمیٹڈ سے آئے وقاص منصب نے کلینیکل پریکٹس میں نیوٹری سیوٹیکلز کو شامل کرنے کے دوران پیش آنے والے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس شعبے میں مربوط حکمتِ عملی اور ماہرین کی پیشہ ورانہ تربیت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

(جاری ہے)

شاہ زیب حمید نے نیوٹری سیوٹیکل انڈسٹری میں ترقی اور جدت کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ اور ماہرین پر زور دیا کہ وہ ابھرتے ہوئے تحقیقی رجحانات اور مارکیٹ کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر انجم مرتضیٰ نے نیوٹری سیوٹیکلز کی سائنسی بنیادوں اور ان کے علاج معالجے میں استعمال پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے انہیں بیماریوں سے بچاؤ، صحت کے فروغ اور ذاتی غذائی منصوبہ بندی میں مؤثر قرار دیا۔سیمینار کے اختتام پر سوال وجواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں ماہرین نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات پر مبنی مفید مشورے اور رہنمائی فراہم کی۔

آخر میں ڈاکٹر انجم مرتضیٰ نے مہمان مقررین کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ سیمینار کے بعد ''سکون ویلنیس'' کی جانب سے ایک صحت کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں طلبہ اور اساتذہ کی جسمانی ساخت کی جانچ، پرفیوژن انڈیکس مانیٹرنگ، بلڈ ٹیسٹنگ اور آئل ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی۔

متعلقہ عنوان :