Live Updates

ایم ڈی کیٹ 2025 کی فیس میں 80 فیصد اضافے کے دعوؤں کی تردید ،ایم ڈی کیٹ کاامتحان 5 اکتوبر کو ہوگا،پی ایم اینڈ ڈی سی

ہفتہ 9 اگست 2025 14:55

ایم ڈی کیٹ 2025 کی فیس میں 80 فیصد اضافے کے دعوؤں کی تردید  ،ایم ڈی کیٹ کاامتحان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )نے کہا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ)کا امتحان 5 اکتوبر کو ہوگا۔ہفتہ کو پی ایم اینڈ ڈی سی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کونسل کے علم میں آیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحانی فیس کے بارے میں ایک غلط فہمی پائی جا رہی ہے، جس میں کہا جا رہا ہے کہ فیس میں 80 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے اس حوالہ سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کی فیس میں گزشتہ چند سالوں میں بتدریج اور معمولی اضافہ ہوا ہے۔ 2024 میں یہ فیس 8,000 روپے تھی اور 2025 کے لیے اسے 9,000 روپے مقرر کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.5 فیصدزیادہ ہے نہ کہ 80 فیصد جیسا کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان وفاقی اور صوبائی حکام کی جانب سے نامزد کردہ جامعات کے ذریعے لیا جائے گا،پی ایم اینڈ ڈی سی کے ذریعے نہیں تاہم بطور ریگولیٹر پی ایم اینڈ ڈی سی نے تمام سٹیک ہولڈرز، بشمول وفاقی اور صوبائی حکام کی مشاورت سے ایم ڈی کیٹ کا یکساں نصاب تیار کیا ہے۔

اس کے علاوہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے ایک سوالات کا ذخیرہ (Question Bank) تیار کرنے میں بھی خاطر خواہ خرچہ کیا ہے جو تمام صوبوں کے متفقہ نصاب پر مبنی ہے۔ فیس میں ترمیم کا فیصلہ امتحان لینے والی جامعات کی درخواست پر کیا گیا تاکہ کاغذ کی طباعت کے بڑھتے ہوئے اخراجات، سکیورٹی اقدامات میں بہتری، انتظامی و لاجسٹک سہولیات، انویجیلیٹرز اور عملے کی ادائیگیاں اور ملک بھر و بین الاقوامی مراکز میں امیدواروں کے لیے مناسب نشستوں اور سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔

اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ نمایاں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باوجود پی ایم اینڈ ڈی سی امتحان کی فیس کو قابلِ برداشت اور منصفانہ رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔ کونسل نے ایک متوازن پالیسی اختیار کی ہے تاکہ امتحان ہر امیدوار کے لیے قابلِ رسائی رہے اور معیار و شفافیت برقرار رہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی میرٹ پر مبنی داخلوں، شفافیت اور مساوی مواقع کی پالیسی پر کاربند ہے۔

کونسل نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ مندرجہ ذیل جامعات کے ذریعے منعقد کیا جائے گا، جن میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور (صوبہ پنجاب)،سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، سکھر (صوبہ سندھ )،خیبر میڈیکل یونیورسٹی، پشاور (صوبہ خیبر پختونخوا )، بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ (صوبہ بلوچستان) ، شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی، اسلام آباد (اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان) اور بین الاقوامی مرکز ریاض(سعودی عرب) شامل ہیں۔

ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے آن لائن رجسٹریشن 8 تا 25 اگست 2025 تک ہے۔ اس کے بعد صرف لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن یکم ستمبر 2025 تک قبول کی جائے گی۔امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحان کے لیے صرف ایک شہر/مرکز کا انتخاب احتیاط سے کریں اور درخواست فارم میں تمام مطلوبہ معلومات فراہم کریں ورنہ آن لائن سسٹم درخواست کو مسترد کر دے گا۔کونسل نے کہا کہ امتحان کاغذی بنیاد پر، انگریزی زبان میں، ملٹی پل چوائس سوالات پر مشتمل ہوگا جن کی کل تعداد 180 ہو گی اور اس میں منفی مارکنگ نہیں ہو گی۔

سوالات کی تقسیم کچھ یوں ہو گی:بایولوجی: 81 سوالات، کیمسٹری: 45 سوالات، فزکس: 36 سوالات، انگلش: 9 سوالات اور لاجیکل ریزننگ: 9 سوالات۔نصاب www.pmdc.pk پر دستیاب ہے اور امیدواروں کو اپنی رجسٹریشن mdcat.pmdc.pk پر مکمل کرنی ہوگی، نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات