ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کا شیڈول جاری ،انعقاد 5 اکتوبر کو کیا جائیگا

عملی اخراجات، سکیورٹی اور لاجسٹکس کے پیش نظر امتحانی فیس میں صرف 1000 روپے اضافہ کیا گیا ‘ وضاحت

ہفتہ 9 اگست 2025 18:14

ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کا شیڈول جاری ،انعقاد 5 اکتوبر کو کیا جائیگا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے امتحان کا شیڈول جاری کر دیا ہے، پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا انعقاد 5 اکتوبر 2025 کو کیا جائے گا۔امتحان انگریزی زبان میں اور کاغذی شکل میں ہو گا، جس میں 180 کثیرالانتخابی سوالات شامل ہوں گے جبکہ کوئی منفی مارکنگ نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

پی ایم اینڈ ڈی سی نے فیس میں 80 فیصد اضافے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ امتحانی فیس میں صرف 1000 روپے 12.5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو عملی اخراجات، سکیورٹی اور لاجسٹکس کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔اس اضافے کے بعد ایم ڈی کیٹ 2025 کی مجموعی فیس 9000 روپے مقرر کی گئی ہے، امیدواروں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 8 اگست سے ہو گیا اور یہ سلسلہ 25 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔پی ایم ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 1 ستمبر 2025 تک کی جا سکے گی۔