سمیع رشید نے سحرحیات سے طلاق کی خبروں کی تردید کردی

ہماری ازدواجی زندگی کوبڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے،سوشل میڈیا اسٹار

منگل 13 مئی 2025 22:46

سمیع رشید نے سحرحیات سے طلاق کی خبروں کی تردید کردی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2025ء) معروف سوشل میڈیا اسٹار جوڑی سحر حیات اور سمیع رشید کے درمیان علیحدگی کی افواہوں پر سمیع رشید کا ردعمل سامنے آگیا۔گزشتہ کچھ دنوں سے ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر سحر حیات کے شوہر سمیع رشید کی طلاق کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں تاہم اب سمیع رشید نے ان افواہوں کی تردید کردی ہے۔سمیع نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا پر لانے کے حق میں نہیں تھے، مگر افواہوں کے پھیلنے کے بعد وضاحت دینا لازمی ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہر میاں بیوی میں لڑائی ہوتی ہے مگر ہمارے درمیان بیٹی کی سالگرہ کے اگلے دن ہونے والا ایک معمولی جھگڑا شدت اختیار کر گیا ہے تاہم میں اپنی پوری کوشش کر رہا ہوں کہ معاملہ طلاق تک نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

سمیع رشید نے کہا کہ ان کی ازدواجی زندگی میں مسائل ضرور آئے ہیں، تاہم یہ مسائل سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رشتوں میں انا آ جائے تو صورتحال پیچیدہ ہو جاتی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ سحر اب بھی ان کی بیوی ہیں ان کے نکاح میں ہیں اور وہ طلاق نہیں چاہتے۔

سمیع نے سحر حیات کی گزشتہ دنوں وائرل ہونے والی ویڈیو پر افسوس کا اظہار کیا جس میں انہوں نے خود کو ایک سنگل مدر کہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماہ سے اپنی بیٹی سے نہیں مل سکے اور صرف وی لاگز میں اسے دیکھ رہے ہیں جو ان کیلئے بہت مشکل ہیں کیونکہ وہ بیٹی کو لے کر بیحد جذباتی ہیں۔یاد رہے کہ سحر حیات نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹس سے سمیع کے ساتھ اپنی تمام تصاویر ہٹا دی ہیں، جس کے بعد ان کی علیحدگی کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں تاہم اس جوڑی کے مداح انہیں معاملے کو سلجھانے اور علیحدگی سے بچنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔