Live Updates

نبیل قریشی سے آپریشن بنیان مرصوص پرفلم بنانے کا مطالبہ

منگل 13 مئی 2025 22:59

نبیل قریشی سے آپریشن بنیان مرصوص پرفلم بنانے کا مطالبہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2025ء) پاک فوج کی جانب سے بھارت کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد فلم ساز نبیل قریشی سے واقعے پر فلم بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔جہاں مداحوں نے فلم ساز سے پاک فوج کی جانب سے بھارت کے خلاف کامیاب آپریشن پر فلم بنانے کا مطالبہ کیا، وہیں بعض مداحوں نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ایئر مارشل اورنگزیب احمد کے مرکزی کردار پر فلم بنائیں۔

نبیل قریشی نے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر مداحوں کی جانب سے فلم بنانے کے مطالبے اور اس پر اپنے جواب کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ابتدائی طور پر نبیل قریشی سے رائزنگ پاکستان نامی سوشل میڈیا اکاونٹ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں وائس ایئر مارشل اورنگزیب احمد پر فلم بنائیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ اکاونٹ نے مطالبہ کیا کہ اورنگزیب احمد کے مرکزی کردار پر فلم بنا کر اس میں فواد خان کو کاسٹ کیا جائے، کیوں کہ فواد خان کا چہرہ ان سے کافی ملتا جلتا ہے۔

ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ فلم کو جاری کرتے وقت واضح طور پر لکھا جائے کہ فلم حقیقی واقعات پر بنائی گئی ہے۔مذکورہ مطالبے پر فلم ساز نبیل قریشی نے فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہوگی۔نبیل قریشی کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کیے جانے کا اسکرین شاٹ وائرل ہوگیا اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ لازمی واقعے پر فلم بنائیں۔

بعض مداحوں نے نبیل قریشی سے مطالبہ کیا کہ وہ مذکورہ موضوع پر فلم ضرور بنائیں لیکن وہ فواد خان کو کاسٹ نہ کریں، کیوں کہ انہوں نے ماضی میں ہمیشہ صرف بھارتی فلموں کے لیے کام کیا ہے۔نبیل قریشی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آپریشن بنیان مرصوص کے تناظر میں ایئر مارشل اورنگزیب احمد کے مرکزی کردار پر بنائی جانے والی فلم کا کردار فواد خان کے بجائے کسی مخلص پاکستانی اداکار کے لیے رکھیں۔

دوسرے صارفین نے بھی انہیں فواد خان کو کاسٹ نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔اگرچہ نبیل قریشی نے واضح طور پر عندیہ نہیں دیا کہ وہ مذکورہ موضوع پر فلم بنائیں گے یا نہیں، تاہم انہوں نے اشارہ دیا کہ ان کے لیے مذکورہ موضوع پر فلم بنانا فخر کی بات ہوگی۔پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص سے قبل بھارت کی فلم انڈسٹری کے متعدد پروڈیوسرز و ہدایت کاروں نے بھی بھارت کی جانب سے آپریشن سندور پر فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

بھارت نے جنگی جارحیت کرتے ہوئے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر حملے کرکے 8 مئی تک متعدد شہروں پر ڈرونز سے ناکام حملے کیے تھے، جس کے جواب میں پاک فوج نے 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کرکے بھارت کو منہ توڑ دیا جواب دیا، اس کے جنگی طیارے تباہ کرنے سمیت اس کا دفاعی نظام بھی تباہ کردیا تھا۔پاکستان کی خطرناک جوابی کارروائی کے بعد پاکستان اور بھارت نے امریکی ثالثی سے 10 مئی کی شام کو ہی فوری اور مکمل جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات