Live Updates

یہ فلم نہیں، حقیقت ہے، فہد مصطفی کا بھارتیوں کو دبنگ پیغام

سوشل میڈیا پر فہد مصطفی کے اس بیان کو بے حد سراہا جا رہا ہے

منگل 13 مئی 2025 22:59

یہ فلم نہیں، حقیقت ہے، فہد مصطفی کا بھارتیوں کو دبنگ پیغام
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2025ء) پاکستان کے معروف اداکار اور جیتو پاکستان کے میزبان فہد مصطفی نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی پر واضح موقف اپناتے ہوئے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے اور پاکستان کی بروقت اور مثر عسکری حکمت عملی کو سراہا ہے۔حالیہ دنوں بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے اور پہلگام حملوں کا الزام لگانے کے بعد پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے تحت زبردست جواب دیا، جس کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کو اپنے رافیل طیاروں کے نقصان کا اعتراف کرنا پڑا۔

امریکہ کی ثالثی میں فائر بندی کا معاہدہ طے پایا، جس نے حالات کو وقتی طور پر قابو میں رکھا۔ فہد مصطفی نے جیتو پاکستان کے حالیہ شو کی افتتاحی تقریب میں پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور بھارتی رویے پر کھل کر تنقید کی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا،یہ کوئی فلمی سین نہیں، حقیقی دنیا میں پاکستان جواب دیتا ہے، اور جواب دینا جانتا ہے۔ آئندہ ایسی غلطی نہ دہرائی جائے۔

فہد مصطفی، جن کی فلم کبھی میں کبھی تم بھارت میں بیحد مقبول ہوئی تھی، نے اس موقع پر ایک مرتبہ پھر اپنے پاکستانی تشخص پر فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں ہر مذہب، مسلک اور قومیت کے افراد امن کے ساتھ رہتے ہیں اور ان کی جان، مال اور عزت محفوظ ہے۔ فہد نے پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستانی میڈیا نے اس بار ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جبکہ بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر جذبات بھڑکانے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ذہنی طور پر زیادہ برداشت رکھنے والی اور کشادہ دل ہے، اور یہی ہماری اصل طاقت ہے۔سوشل میڈیا پر فہد مصطفی کے اس بیان کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں اپنے ملک کے ساتھ کھڑا ہونا ہی اصل حب الوطنی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات