وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی ادارہ مظفرآباد میں ہاؤسنگ سکیموں کے پلاٹس اور پلازہ بینک روڈ میں دکانوں کی الاٹمنٹس کی تفصیلات طلب کر لیں

جمعرات 15 مئی 2025 17:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء) بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی،وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی ادارہ مظفرآباد میں ہاؤسنگ سکیموں کے پلاٹس اور پلازہ بینک روڈ میں دکانوں کی الاٹمنٹس کی تفصیلات طلب کر لیں۔میڈیا انوسٹیگیشن رپورٹ کے مطابق ترقیاتی ادارہ مظفرآباد میں آفیسران کا ایک گروپ جو وازوان کے نام سے مشہور ہے، جن میں سے چند ایک ریٹائرڈ بھی ہو گئے ہیں اور چند ایک حاضر سروس ہیں نے ترقیاتی ادارہ مظفرآباد میں ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹس اپنے عزیز و اقارب اور فرضی لوگوں کے نام پر کئی ایک پلاٹ حاصل کر رکھے ہیں، جن کو بڑی شخصیات کی پشت پناہی بھی حاصل ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور ہر دور حکومت میں آنے والے ادارہ کے چیرمینوں کو دعوتوں میں وازوان کھلا کر رام کر لیتے تھے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے ان پر کبھی کسی نے سینکڑوں شکایتیں ہونے کے باوجود ہاتھ نہیں ڈالا۔ موجودہ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے ترقیاتی ادارہ میرپور کے بعد ترقیاتی ادارہ مظفرآباد میں ہاؤسنگ سکیموں کے پلاٹس کی چھان بین شروع کروا رکھی ہے، جس کے لیے انھوں نے ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کی تمام ہاؤسنگ سکیموں کے الاٹ کیے گئے پلاٹس اور شاپنگ پلازہ میں دکانوں کی الاٹمنٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں اور خود وزیراعظم نے اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترقیاتی ادارہ مظفرآباد کی فرانزک کروائی جائے تو بڑے بڑے شرفاء بے نقاب ہوں گے۔

اب اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا مگر نام نہاد شرفاء اور ان کے سہولت کاروں سمیت وزوان گروپ میں کھلبلی مچ گئی ہے اور انہوں نے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کر دے ہیں۔