ٹریفک رسپانس یونٹ نے راولپنڈی کے گنجان آباد علاقوں میں بے ہنگم ٹریفک کی روانی کے لئے کام شروع کردیا،چیف ٹریفک آفیسر

جمعرات 15 مئی 2025 18:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک رسپانس یونٹ (ٹی آر یو)نےگنجان آباد علاقوں میں بے ہنگم ٹریفک کی روانی کے لئے کام شروع کردیا ہے ۔جمعرات کو ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے بینش فاطمہ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس یونٹ میں 10 موٹر سائیکلز اور 10 ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا گیا ہے جو دو زونز میں تقسیم کئے گئے ہیں۔

زون ون میں مصریال روڈ، ڈھوک سیداں، ٹینچ، اڈیالہ روڈ، برف خانہ، گرجا روڈ اور چکری روڈ شامل ہیں جبکہ زون 2 میں سول لائنز، مری روڈ، صدر، راجہ بازار، گنجمنڈی، گوالمنڈی، فیض آباد اور صادق آباد جیسے اہم اور مصروف علاقے شامل کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سی ٹی او راولپنڈی نے کہاکہ یہ یونٹ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، رش والے مقامات کی نشاندہی اور فوری کارروائی کے لئے فعال کردار ادا کرے گا۔

رسپانس یونٹ کے افسران اپنے موٹر سائیکلوں کے ہوٹر سائرنز اور پبلک ایڈریس سسٹم کا استعمال کریں گے تاکہ رش والے مقامات پر موجود شہریوں کو بروقت آگاہی دی جا سکے اور ٹریفک کو فوری کلیئر کیا جا سکے۔یونٹ کے افسران ہر چکر میں رش کی صورت میں متعلقہ علاقے کے ٹریفک سٹاف کو متحرک کریں گے اور عوامی مشکلات کو کم کرنے میں مدد فراہم کریں گے، ہر یونٹ اپنے زون میں ہر شفٹ میں کم از کم چار مرتبہ گشت کرے گی اور پٹرولنگ کے بعد یونٹ ٹریفک ہیڈ کوارٹرز کے ڈیوٹی آفیسر کو شہر کی صورتحال سے متعلق رپورٹ کرے گی تاکہ ہیڈ کوارٹرز کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ رکھا جا سکے۔

سی ٹی او راولپنڈی بینش فاطمہ نے اس اقدام کو شہریوں کی سہولت اور جدید ٹریفک مینجمنٹ کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس جدید حکمت عملی اور عوامی تعاون سے راولپنڈی میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنائے گی۔