ایف آئی اے فیصل آباد نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کرلئے

جمعہ 16 مئی 2025 12:10

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)ایف آئی اے فیصل آباد نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے فیصل آباد زون نے کارروائی کر کے حوالہ ہنڈی میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک سے منسلک ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتارکرلئے۔

ایف آئی اے کی ٹیم نے ماڈل سٹی فیصل آباد میں چھاپہ مار کاروائی میں 3 ملزمان ناصر رحیم، نواص خان اور محمد سلیمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان بین الاقوامی حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورکس سے منسلک تھے۔ملزمان کے دیگر ساتھی دبئی سے حوالہ ہنڈی کا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ملزم نواص خان کا تعلق صوابی سے ہے۔ ملزم صوابی سے حساب کتاب کرنے فیصل آباد آیا تھا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کو ماڈل سٹی فیصل آباد سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ملزمان حوالہ ہنڈی سے حاصل شدہ رقم کی وصولی اور حساب کتاب میں مصروف تھے۔ملزمان سے مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔چھاپہ مار کاروائی میں ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بشمول چیک بکس، ربر سٹیمپس، رسیدیں اور موبائل فون بھی برآمد کر لیے گئے۔ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :