Live Updates

سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیرِ اہتمام یوم تشکر ومعرکہ حق کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 17:47

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے کہا ہے کہ پاکستان پرجب بھی کڑا وقت آیا سرگودھا کے شاہینوں نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے نہ صرف پاکستان کے دفاع میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا بلکہ دُشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ثابت کیا کہ سرگودھا کے شاہین ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور آئندہ بھی اگر پاکستان پر اللہ نہ کرےکڑا وقت آیا تو سرگودھا کے شاہین اسی طرح دُشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیس کمانڈر سرگودھا حسن فیصل کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سرگودھا کے شاہینوں نے 1965ء اور 1971ء کے معرکوں میں اسی طرح دُشمن کے دانت کھٹے کیے جس پر ہمیں اپنی فضائیہ پر فخر ہے اور بلا شبہ یہ فضاؤں کے سپاہی ہیں ،سرگودھا ہمیشہ بھارت کے جہازوں کا قبرستان ثابت ہوا جس کی تازہ مثال حالیہ جنگ ہے جس میں سرگودھا کے شاہینوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف دُشمن کوعبرت ناک شکست دی بلکہ اُسے گھٹنے ٹیکنے پر بھی مجبور کر دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پربیس کمانڈر حسن فیصل کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ عوام کی یکجہتی کی وجہ سے ممکن ہوا کیونکہ پاکستان کے شاہین اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے 24 گھنٹے جاگتے ہیں اور آئندہ بھی پاکستان پر جب کڑا وقت آیا توہم اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنےسےبھی دریغ نہیں کریں گے۔ بیس کمانڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اورپاک فضائیہ کو اپنے جوانوں پرفخر ہے اور مجھے خوشی ہے کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور تمام مکاتبِ فکر کے لوگ اپنی مسلح افواج اورپاک فضائیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور یہی وہ جذبہ ہے جو پاکستان کو دُنیا بھر میں منفرد کرتا ہے۔

اس موقع پرسرگودھا چیمبر آف کامرس کے سابق صدور خواجہ عابد رفیق، طارق یعقوب، مرزا فضل الرحمن اور شعیب احمد بسراء سمیت دیگر نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر میاں محمد عمران، نائب صدر ڈاکٹر حسن کھرل نے بھی پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنی فضائیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور جب بھی پاک فضائیہ کو ہماری ضرورت ہوگی ہم اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

بعد ازاں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے بیس کمانڈر حسن فیصل کو اُن کی بہترین صلاحیتوں کے اعتراف میں چیمبر کی جانب سے ایوارڈ پیش کیا گیا۔ تقریب میں چیمبر کے عہدے داران اور ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات