یوٹیوبر رجب بٹ کا شہری پر تشدد، معافی مانگنے پر متاثرہ شخص نے اندراجِ مقدمہ کی درخواست واپس لے لی

رجب بٹ نے سفید کار میں بیٹھے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر متاثرہ شہری نے تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دی تھی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 مئی 2025 12:23

یوٹیوبر رجب بٹ کا شہری پر تشدد، معافی مانگنے پر متاثرہ شخص نے اندراجِ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2025ء ) معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ نے ساتھیوں سمیت نوجوان شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد متاثرہ شہری نے ٹک ٹاکر کے خلاف تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دی تاہم رجب بٹ کے معافی مانگنے پر متاثرہ شخص نے اندراجِ مقدمہ کی درخواست واپس لے لی۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیر گردش رہی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ یوٹیوبر و ٹک ٹاکر رجب بٹ نے سفید کار میں بیٹھے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران ان کے ساتھ 2 اور افراد بھی تشدد کرتے ہوئے نظر آئے، جس کے بعد متاثرہ شہری عمران نے رجب بٹ کے خلاف تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دی جہاں مؤقف اپنایا گیا کہ ہماری گاڑی کے آگے ایک موٹرسائیکل والا زگ زیگ کررہا تھا جس پر موٹرسائیکل والے کو آواز دے کر منع کیا، اتنے میں رجب بٹ نے ساتھیوں کے ہمراہ کار آگے لگا کر راستہ روکا اوربغیر بات کیے آکر تشدد کرنا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ بعد میں ٹک ٹاکر رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے معاملے پر متاثرہ شہری سے معذرت کرلی اور پولیس نے بتایا کہ ان کے خلاف درخواست واپس لے لی گئی ہے کیوں کہ ٹک ٹاکر رجب بٹ نے فریقین سے معذرت کرلی اور اس معاملے کو غلط فہمی قراردیا، جس پر متاثرہ شہری عمران نے رجب بٹ کو معاف کر دیا اور متاثرہ شخص کی جانب سے اندراجِ مقدمہ کی درخواست بھی واپس لے لی گئی۔

دوسری طرف یوٹیوبر رجب بٹ اپنے ایک ویلاگ میں اہلیہ ایمان بٹ کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر تنقید کی زد میں ہیں، رجب بٹ کے نئے فیملی ڈنر ولاگ کو ان کے مداحوں کی جانب سے تو پسند کیا گیا تاہم کچھ صارفین نے یوٹیوبر کے اپنی اہلیہ ایمان کے ساتھ رویے پر تحفظات کا اظہار کیا، جن کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں رجب نے اپنی بہن غزل کو کھانے کی پیشکش کی مگر اہلیہ کو بلکل نظر انداز کیا، وہ اچھے بھائی اور بیٹے ضرور ہوں گے مگر اچھے شوہر نہیں بن سکے جب کہ بعض صارفین نے ان کی اہلیہ کی برداشت کو سراہتے ہوئے رجب بٹ کو بیوی کے حقوق کا خیال رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔