لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام وزیراعلیٰ کا تاریخی اقدام ، شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی، وزیر بلدیات

ہفتہ 17 مئی 2025 17:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) صوبائی دارالحکومت کے شہریوں کی سہولت کے لئے وزیراعلی مریم نواز کا ایک تاریخی اقدام ہے جس سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن ہال میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری، وزیراعلیٰ کے معاونین خصوصی ذیشان ملک، راشد اقبال، ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا، ایم ڈی واسا سید غفران احمد اور چیف آفسیر شاہد عباس کاٹھیہ بھی موجود تھے۔ ایل ڈی پی کے لئے قائم کی گئی سٹیئرنگ کمیٹی کے کنوینر ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے لاہور کیلئے 137 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کا فوکس لاہور کے ماضی میں نظرانداز شدہ علاقے ہیں۔ پہلی بار دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرز پر لاہور کی گلیوں کو خوشنما رنگوں والی ٹائلز سے بنایا جا رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مرحلہ وار سٹریٹ لائٹس کی تنصیب یقینی بنائی جا رہی ہے۔ پارکوں، سڑکوں، سیوریج سسٹم کی بحالی بھی اسی پروگرام کا حصہ ہے۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ برساتی پانی کے تمام ہاٹ سپاٹس پر نکاسی کی جامع سکیمیں جاری ہیں۔

امید ہے کہ موسم برسات سے پہلے انہیں مکمل کر لیا جائے گا۔ لاہور کے ہر شہری کو بنیادی خدمات کی فراہمی وزیراعلیٰ کا ویژن ہے۔ ایل ڈی پی کے تحت لاہور کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کے دوران چھ زونز میں کام شروع ہے۔ اگلے مرحلے میں باقی ماندہ 3 زونز میں بھی کام کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ ایم سی ایل اور واسا دونوں کو الگ الگ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور دونوں ادارے متعلقہ محکموں کے تعاون کے ساتھ کام آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کے ساتھ اسی پروگرام کو پورے پنجاب میں توسیع دی جا رہی ہے۔ تمام شہروں میں بنیادی میونسپل خدمات کا پروگرام بھی منظور ہوچکا ہے۔ پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے پر کام جاری ہے۔ دو تین سال کے اندر یہ میگا پراجیکٹ مکمل کر لیا جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شجرکاری بھی ایل ڈی پی کا جزو ہے اور اس پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور سید موسی رضا نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا مقصد تباہ حال گلیوں اور سیوریج کی بحالی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر واسا نے اپنے دائرہ کار میں توسیع کر کے نئی پائپ لائن بچھائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی کی نئی سکیموں کے ساتھ سیوریج کو بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔

موسی رضا نے بتایا کہ پہلی بار وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پورے منصوبے کی ای ٹینڈرنگ کی گئی۔ تفصیلی سروے کے بعد فروری سے باضابطہ کام شروع کر دیا گیا۔ واسا لاہور اب تک 40 فیصد کام مکمل کر چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد این او سی کے بغیر کسی گلی میں کھدائی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نیسپاک تمام پراجیکٹ میں مانیٹرنگ کا کام کر رہا ہے۔

ای بلنگ متعارف کراکے تمام ادائیگی آن لائن طریقے سے کی جا رہی ہے۔ پریس بریفنگ میں واسا لاہور کے ایم ڈی سید غفران احمد نے بتایا کہ پروگرام کے تحت واسا کے دائرہ کار میں 50 فیصد ایریا کا اضافہ ہوا ہے۔ تین ماہ کے دوران 350 کلومیٹر کا پائپ بچھایا جائے گا اور یہ ایک طرح سے نئی تاریخ رقم ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کوشش کی گئی ہے کہ کھدائی سے راستے مکمل بلاک نہ ہوں۔