کوہاٹ جیل میں قیدیوں کے دو گروہوں میں تصادم

جیل سپرنٹنڈنٹ پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی، عہدے سے ہٹا کر ڈائریکٹوریٹ تبدیل کردیا گیا

ہفتہ 17 مئی 2025 20:05

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں قیدیوں کے دو گروہوں کے مابین ہونے والی لڑائی کے بعدقیدیوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ پر سنگین الزامات کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالباری کو عہدے سے ہٹا کر ڈائریکٹوریٹ تبدیل کردیا گیا جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ پر پولیس نے لڑائی ‘ مار کٹائی ‘ سرکاری ریکارڈ کوآگ لگانے اورہنگامہ آرائی کرنے پر 33 قیدیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کردیا۔

پولیس میں درج ایف آئی آر اور باخبر ذرائع کے مطابق تین روز قبل کوہاٹ جیل میں مبینہ طورپر دو افراد کے مابین معمولی واقعہ نے اس وقت شدید لڑائی اختیارکرلی جب جیل پولیس نے جھگڑا کرنے پردونوں قیدیوں اسد اور پیر بادشاہ پر تشدد کیا جس کے بعدبڑی تعدادمیں قیدی مشتعل ہوکر بیرکوں سے نکل آئے اور جیل کی اینٹ سے اینٹ بجاتے ہوئے جیل پولیس اہلکاروں پر ہاتھ اٹھایا اورسرکاری ریکارڈ اور کئی سرکاری املاک کو نذر آتش کردیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر کوہاٹ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے جہاں پولیس نے مبینہ طورپرحالات پر قابو پانے کے لئے شدید لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں دو طرفہ لڑائی کے دوران پولیس افسر سمیت کئی اہلکار اور قیدی زخمی ہوگئے۔اس واقعہ کے بعد اگلے روزجیل میں بعض قیدیوں نے جیل کے اندر سے ویڈیو وائرل کرکے جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالباری پر شدید نوعیت اور سنگین قسم کے الزامات لگائے اور بتایا کہ کوہاٹ جیل میں منشیات‘ آئس اور شراب وغیرہ کھلے عام فروخت ہوکر قیدیوں تک پہنچتی ہیں۔

اس واقعہ کے بعد محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ کے سپرنٹنڈنٹ عبدالباری کو عہدے سے ہٹادیا اور ڈائریکٹوریٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔