نومئی جلا ئوگھیرائو کے واقعات میں شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری سمیت266 ملزمان فرد جرم کی کارروائی کیلئے طلب

ہفتہ 17 مئی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے جلا ئوگھیرائو کے واقعات اور جناح ہائوس حملہ کیس میں تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری سمیت کل 266 ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے 24 مئی کو طلب کرلیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت لاہور میں 9 مئی کے مختلف کیسز پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں شاہ محمود قریشی ڈاکٹر،یاسمین راشد سمیت 266 ملزمان میں چالان کی کاپیاں تقسیم کردیں۔ عدالت نے بر ضمانت پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی ایک روز حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی جبکہ کلمہ چوک پل پر جلا ئوگھیرائو کے مقدمے میں مزید ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل کر لی۔ ملزمان کی جانب سے برہان معظم ،سلمان شاہد ایڈووکیٹ نے پراسیکیوشن کی گواہ پر جرح کی۔ عدالت نے 24 مئی کو کل 266 ملزمان کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کر لیا۔