راولپنڈی میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے،ترجمان پولیس

ہفتہ 17 مئی 2025 21:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) راولپنڈی میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ایک زیر حراست شخص کی نشاندہی پر پولیس کی ٹیم جب دیگر مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے پہنچی تو گرفتار ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں زیر حراست شخص زخمی ہو گیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

یہ ملزمان گزشتہ روز 15 کال پر پہنچنے والی پولیس ٹیم پر چھریوں سے حملہ کرنے کے بعد فرار ہو گئے تھے۔ اس حملے میں اے ایس آئی جبران شدید زخمی ہوئے تھے اور اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے ایس پی پوٹھوہار، ڈی ایس پی کینٹ اور آر اے بازار پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے اور انہیں جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔