موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی ہمہ جہت ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،مینامجید بلوچ

اتوار 18 مئی 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبے کی ہمہ جہت ترقی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔یہ بات انہوں نے تربت میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی، خواتین کے مسائل کا حل اور عوام کو بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، اس ضمن میں ں متعدد منصوبوں پر عملی طور پر کام کا آغاز بھی ہو چکا ہے،تمام اضلاع میں یکساں طور پر مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن میں عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جا رہی ہے ،انہوں نے بتایا کہ ضلع کیچ کے مختلف علاقوں بالخصوص سب تحصیل مند میں صحت، تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، خواتین کے لیے سولر سسٹمز کی تنصیب، تربت یونیورسٹی میں طالبات کے لیے کامن روم کی تعمیر اور ایم-8 سے میری قلات تک پختہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مینا مجید بلوچ نے کہا کہ صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے، ہنر مند نوجوانوں کو بیرونِ ملک بھجوانے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ صوبائی اداروں میں کنٹریکٹ بنیادوں پر ملازمتوں کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ عوام میں پائی جانے والی مایوسی کا ازالہ کیا جا سکے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کو فعال بنایا جا رہا ہے اور اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ادویات کی خریداری ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے ذریعے ممکن ہو۔

انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ بگٹی اور خاران میں آپریشن کی سہولیات کی فراہمی کوصوبائی حکومت کی مؤثر پالیسیوں کا عملی مظہر قرار دیا ،انہوں نے تربت ٹیچنگ ہسپتال میں آئی سی یو کی تعمیر اور آر ایچ سی مند کی عمارت کی تعمیرِ نو کو صوبائی حکومت کا ایک اہم کارنامہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ مکران ڈویژن میں زراعت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور سرحدی تجارت کو مؤثر انداز میں چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سب تحصیل مند میں ملا فاضل کلب کے لیے خصوصی فنڈز کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔