کراچی، ڈکیتی مزاحمت پر ایک ڈاکو اور ایک شہری جاں بحق، ایک ڈاکو فرار

جوس سینٹر کے ملازم نے ڈاکوؤں کے سامنے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی

پیر 19 مئی 2025 11:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء) اورنگی ٹاؤن کے علاقے ڈسکو موڑ کے قریب جوس سینٹر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شہری شدید جاں بحق ہو گیا جبکہ نامعلوم شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

(جاری ہے)

ایدھی حکام کے مطابق، زخمی ہونے والے شہری کی شناخت 20 سالہ عابد کے نام سے ہوئی ہے، جو بعد ازاں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کرنے کے باوجود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق دو ڈاکو جوس سینٹر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے تھے۔ جوس سینٹر کے ملازم نے ڈاکوؤں کے سامنے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں شہری عابد گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ اس دوران ایک ڈاکو موقع سے فرار ہو گیا جبکہ دوسرے کو ایک نامعلوم شہری نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور فرار ہونے والے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔