حجاج کرام راہداریوں اور کھلی جگہوں پر بستر بچھانے سے گریز کریں ،سعودی وزارت حج و عمرہ

منگل 20 مئی 2025 10:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے حج 1446 کے موقع پر عازمین کی سلامتی کے لئے انہیں راہداریوں اور کھلی جگہوں میں زمین پر سونے سے سختی سے اجتناب کرنے کی تنبیہ کی ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ روز اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام حجاج کو نظام اور انتظامی ہدایات کی مکمل پابندی کرنی چاہیے۔

سڑکوں اور عوامی مقامات پر بستر بچھانے سے اجتناب ضروری ہے تاکہ مناسک کی ادائیگی کے دوران حجاج کرام اور دوسروں کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزارت کے مطابق یہ عمل نہ صرف طواف کرنے والوں اور نمازیوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ ایمرجنسی کی صورت میں امدادی ٹیموں کی رسائی میں بھی خلل ڈالتا ہے جس سے بھیڑ بڑھ جاتی ہے اور عمومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت نے حجاج سے اپیل کی ہے کہ وہ آرام کی صورت میں اپنے ہوٹلوں یا متعین خیموں کی طرف لوٹ جائیں کیونکہ مخصوص مقامات پر قیام سے حج کی ادائیگی زیادہ آرام دہ اور محفوظ انداز میں ممکن ہو گی۔ وزارتِ حج و عمرہ نے حج کے دوران سائبر خطرات سے آگاہ رہنے کی بھی تاکید کی ہے اور اللہ کے مہمانوں کو اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کی تلقین کرتے ہوئے تکنیکی ہدایات پر عمل کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ مناسک حج اطمینان اور سلامتی کے ساتھ ادا کئے جا سکیں۔

وزارت نے کچھ اہم محفوظ ڈیجیٹل عادات اپنانے کی سفارش کی ہے جن میں معتبر ذرائع سے ایپلیکیشنز ڈاؤن لوڈ کرنا، پرائیویسی اور سکیورٹی سیٹنگز کا جائزہ لینا، صرف محفوظ روابط کا استعمال کرنا اور غیر معتبر ویب سائٹس کے وزٹ یا حساس معلومات کے تبادلے سے گریز شامل ہیں۔ اسی تناظر میں وزارت نے ’’ائبر آگاہی گائیڈ‘‘کے عنوان سے ایک جامع رہنمائی دستاویز جاری کی ہے جو حج کے دوران ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق عملی ہدایات اور اہم سوالات کے جوابات پر مشتمل ہے۔

یہ گائیڈ 16 مختلف زبانوں میں دستیاب ہے تاکہ دنیا بھر کے حجاج اسے سمجھ سکیں اور اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ وزارت نے اس گائیڈ کو اپنے سرکاری ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے حجاج میں تکنیکی آگاہی اور ڈیجیٹل تحفظ کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ وزارتِ حج و عمرہ نے اللہ کے مہمانوں پر یہ بھی زور دیا ہے کہ وہ روانگی سے پہلے مناسکِ حج سیکھنے کا خاص اہتمام کریں۔

وزارت نے ایک آگاہی پیغام میں کہا ہے کہ حج کی تیاری کے دوران حاجی کو اپنے مناسک اور ان کی ادائیگی کے طریقے سیکھنے چاہئیں تاکہ وہ انھیں درست طریقے سے ادا کر سکے۔ وزارت نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ حاجی کو حج کے ارکان، واجبات، سنتیں اور ممنوعات کا علم ہونا چاہیے اور ہر نسک کی درست ادائیگی کا طریقہ جاننا ضروری ہے۔ اسی طرح، مقدس مقامات کی تفصیلات اور ان سے متعلقہ احکامات و ہدایات سے واقفیت بھی انتہائی اہم قرار دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :