Live Updates

معاشی پالیسیوں سے آئندہ سال زبردست گروتھ متوقع ، سٹیٹ بینک اپنی ترجیحی سکیموں بارے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو آگاہ کرے ، صدر ایف سی سی آئی

منگل 20 مئی 2025 15:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آئندہ سال زبردست گروتھ متوقع ہے جس کی فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے کےلئے سٹیٹ بینک کو اپنی ترجیحی سکیموں بارے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو آگاہ کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیٹ بینک فیصل آباد کے چیف منیجر وقاص کاشف باجوہ سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے ایس ایم ای سیکٹر کےلئے خصوصی سکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت سستے قرض دیئے جا رہے ہیں مگر پرانی مشینری کی درآمد کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کےلئے ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے ایئر جیٹ اور دوسری جدید مشینری کی خریدار ی ممکن نہیں حالانکہ ترقی یافتہ ملکوں میں چند سال استعمال ہونے والی مشینری پاکستان میں کئی سال تک کام دے سکتی ہے اور اس کے ذریعے کوالٹی میں بہتری کے علاوہ پیداوار میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف منیجر سے کہا کہ موجودہ سکیموں بارے آگاہی مہم شروع کی جائے اور اس سلسلے میں چیمبر میں بھی سیشن منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے ایس ایم ای سیکٹر کی حد کو بڑھانے اور خواتین انٹر پرینیورز کےلئے پچاس لاکھ روپے تک کے رعایتی قرضوں کو ایک کروڑ تک بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ وقاص کاشف باجوہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک مختلف مراعاتی سکیموں بارے باقاعدگی سے سیمینار کر رہا ہے مگر وہ مؤثر ثابت نہیں ہوئے بالخصوص متعلقہ سٹیک ہولڈرز اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک چیمبر کے پلیٹ فارم سے آگاہی پروگرام شروع کرے گا جبکہ ایس ایم ای سیکٹر اور خواتین انٹر پرینیورز بارے چیمبر کی تجاویز اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائیں گی۔ اس موقع پر سٹیٹ بینک کی ڈپٹی چیف منیجر قراۃ العین کے علاوہ سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر قیصر شمس گچھا ، ایگزیکٹو ممبران محمد علی اور وحید خالق رامے بھی موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات