محکمہ سول ڈیفنس کا عوامی آگاہی کیلئے تربیتی پروگرامز کا انعقاد

منگل 20 مئی 2025 22:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) محکمہ سول ڈیفنس کے تحت آزاد کشمیر بھر کے ادارہ جات میں ہنگامی حالات، قدرتی و ناگہانی آفات میں بروقت اور مناسب ردعمل کی تربیت کے حوالے سے سرگرمیاں جاری ہیں۔ محکمہ کا ٹریننگ اسٹاف تمام اضلاع میں عوامی آگاہی کے لیے تربیتی پروگرامز منعقد کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس کیپٹن (ر) ابرار اعظم اس تربیتی پروگرام کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔

ڈی جی سول ڈیفنس کے مطابق اس تربیتی پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جا رہی ہے اور براہ راست عوام کو اس میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو شہری دفاع کے رضاکاروں کے طور پر رجسٹر کرنے کی مہم کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور عوام میں رضاکارانہ خدمات کے حوالے سے جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے تمام دفاتر نے اس سلسلے میں انتھک محنت کی ہے، تاہم نئے شامل ہونے والے رضاکاروں کی تربیت اور انہیں منظم انداز میں محکمہ سے منسلک رکھنا نہایت ضروری ہے۔

مگر محکمہ کے پاس اس ضروری ریاستی و ملکی ڈھانچے کو مضبوط اور مربوط رکھنے کے لیے درکار وسائل کی شدید کمی ہے۔ریاست کو درپیش موجودہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں یہ تنظیم ریاستی عوام کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر نظام فراہم کرتی ہے۔ اس کی بدولت کسی بھی جگہ حادثے یا سانحے کی صورت میں متعلقہ کمیونٹی اپنی مدد آپ کے تحت قیمتی انسانی جانوں کو بچا کر کسی بڑے انسانی المیے کو روک سکتی ہے۔

ڈی جی سول ڈیفنس نے محکمہ کے تمام ضلعی افسران کو نئے رضاکاروں کی تربیت مکمل کروانے کی ہدایت کی ہے۔ اب تک مظفرآباد، راولا کوٹ، کوٹلی اور میرپور میں رضاکاروں کی تربیت کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر اضلاع میں تربیتی عمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سول ڈیفنس نے ضلع نیلم، پونچھ، حویلی، جہلم ویلی، کوٹلی اور مظفرآباد میں لائن آف کنٹرول سے متصل علاقوں سے بھارتی افواج کی جانب سے فائر کیے گئے درجنوں غیر پھٹے بموں کو شہری آبادیوں سے اٹھا کر تلف کیا ہے۔ ان میں زیادہ تر مارٹر شیل اور 105 ایم ایم سے لے کر 180 ایم ایم تک کی آرٹلری کے گولے شامل ہیں جبکہ اس حوالے سے مزید کارروائیاں بھی جاری ہیں۔