راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے انتخابات کا شیڈول جاری

منگل 20 مئی 2025 22:45

‘اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2025ء) راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کا انتخابات برائے سال 26-2025کیلئے شیڈول جاری کر دیا گیا۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی شہریار خان کے مطابق انتخابات کیلئے صدر، سینئرنائب صدر، نائب صدور، سیکرٹری، خزانچی،جوائنٹ سیکرٹریز اور ایگزیکٹو کمیٹی کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی فارم الیکشن کمیٹی سے حاصل کرکے 23مئی شام 7 بجے تک نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں الیکشن کمیٹی کو جمع کرواے جاسکیں گے۔

(جاری ہے)

24مئی کو سکروٹنی کے بعد ابتدائی فہرست آویزاں کی جائے گی۔ اعتراضات اور کاغذات نامزدگی کی واپسی 25مئی شام 7 بجے تک ہو گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 26مئی کو جبکہ پولنگ 27مئی بروز منگل دن گیارہ بجے سے شام چاربجے تک نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ہوگی۔ سابق صدر نیشنل پریس کلب شہریار خان رسجا الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں جبکہ ممبران میں نیشنل پریس کلب گورننگ باڈی کے رکن عاصم جیلانی اور ممبر گورننگ باڈی راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس رانا فرحان اسلم شامل ہیں