ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل تابش علی بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس

منگل 20 مئی 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل تابش علی بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، محکمہ تعلیم ضلع کیچ کے تمام چار تحصیلوں کے مرد و خواتین ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی کارروائی کے منٹس کی منظوری اور ان پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے بعد ہر تحصیل کے میل و فیمیل ڈی ای اوز نےاپنے علاقوں میں درپیش تعلیمی مسائل، عملے کی کمی، بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر سے متعلق امور تفصیل سے پیش کیے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کیچ میں کئی اسکولوں میں جاری ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں جبکہ بعض منصوبوں پر ابھی تک عملی کام کا آغاز نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی ڈھانچے کو مستحکم کیا جا سکے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس بی کے اور کنٹریکٹ بنیادوں پر اساتذہ کی بھرتیوں کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے گا تاکہ سکولوں میں اساتذہ کی قلت پر قابو پایا جا سکے۔ اجلاس میں واضح کیاگیا کہ محکمہ تعلیم میں اس وقت تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد ہے، لہٰذا تمام افسران و اساتذہ اس حکم کی سختی سے پابندی کریں یونیسیف کے نمائندے نے اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کیچ کے دو سکولوں میں ووکیشنل سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، تاہم انسٹرکٹرز کی تعیناتی تاحال عمل میں نہیں آسکی ہے۔

اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی گئی تاکہ تربیتی مراکز کو فعال بنایا جا سکے۔ اجلاس میں تمام ڈی ای اوز اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کیں، جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور تمام مسائل کے جلد ازالے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :