نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ ، کانکررز نے فائنل ، چیلنجرز اور سٹارز نے کوالیفائر میں جگہ بنا لی

منگل 20 مئی 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) نیشنل ویمنز ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں کانکررز نے فائنل جبکہ چیلنجرز اور سٹارز نے کوالیفائر میں جگہ بنا لی ہے۔ کوالیفائر 22 مئی اور فائنل 24 مئی کو کھیلا جائے گا۔ گزشتہ روز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں چیلنجرز نے اسٹرائیکرز کے خلاف 77 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ چیلنجرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

صدف شمس نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جب کہ یسرٰی عامر نے 39 رنز بنائے۔ نورین یعقوب نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسٹرائیکرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 91 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ایمان فاطمہ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ رابعہ رانی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور ایک رن کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

صدف شمس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اوول اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سٹارز نے کانکررز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کانکررز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 119 رنز بنائے۔ سیدہ عروب شاہ نے 46 رنز بنائے جبکہ نجیہہ علوی 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ انوشا ناصر اور طوبیٰ حسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سٹارز نے مطلوبہ ہدف 18ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حورینہ سجاد 38 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیں جبکہ طوبیٰ حسن نے 26 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ نشرہ سندھو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ طوبیٰ حسن کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ کوالیفائر میچ 22 مئی کو چیلنجرز اور سٹارز کے درمیان کے درمیان کھیلا جائے گا ، جو ٹیم جیتے گی اسے فائنل میں کانکررز کے چیلنج کا سامنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :