اوگرا نے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں کےلئے گیس نرخوں میں ردو بدل کی منظوری دے دی

منگل 20 مئی 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں کےلئے گیس نرخوں میں ردو بدل کی منظوری دے دی، حتمی منظوری کےلئے سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

منگل کواوگرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں گیس کمپنیوں کے لئے نرخوں میں ردو بدل کہ سفارش مالی سال 2025-26ء کے ریونیو شارٹ فال کو مدنظر رکھ کر کی گئی جس کے مطابق سوئی سدرن کےلئے گیس نرخوں میں 103 روپے 95 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کی کمی جبکہ سوئی ناردرن کےلئے نرخوں میں 116 روپے 90 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایس این جی پی ایل کےلئے گیس قیمتوں میں اضافہ آر ایل این جی کی درآمد میں اضافے کے باعث ہوا جس پراوگرا نے گیس مینجمنٹ کے حوالے سے ایس این جی پی ایل کو معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس حوالے سے پالیسی وضع ہوسکے۔ واضح رہے کہ اوگرا نے وفاقی حکومت کو کیٹیگری وائز گیس کی قیمتیں مقرر کرنے کی سفارش کی ہے اور قیمتوں کے حوالے سے حتمی نوٹیفکیشن وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :