والدین بین الاقوامی رجحانات سے استفادہ اورآئی ٹی کے فروغ کیلئے بچوں کو موبائل و کمپیوٹرز تک رسائی دیں، ترجمان پی آئی ٹی بی

بدھ 21 مئی 2025 10:50

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)والدین بین الاقوامی رجحانات سے استفادہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے بچوں کو موبائل، کمپیوٹرز،ٹیبز تک رسائی دیں تاہم سہولت کا غلط استعمال روکنے کیلئے ان کی مؤثر مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ترجمان نے کہاکہ موجودہ اور آنے والا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے جس کیلئے نئی نسل کو اس شعبہ کی طرف آنے کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ ہر سطح پر اس کی تعلیم اور تربیت کی ضروری سہولیات مہیا کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کی ذہنی تعلیمی اور فکری تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ آنیوالے دور میں کامیابی کیلئے ہمیں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ہوگا جبکہ یہ شعبہ پاکستانی خواتین کیلئے خاص طور پر اس حوالے سے بھی موزوں ہے کہ وہ گھر میں بیٹھ کر ہی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے لاکھوں ڈالر کما سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بچوں کی تربیت کے حوالے سے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کیلئے ٹائم ٹیبل طے کرنا چاہیے تا کہ بچوں کی زندگی میں ڈسپلن لایا جا سکے نیز بچوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ انہیں کب اٹھنا، کب پڑھنا اور کب سونا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای لرننگ، ای سیفٹی سے براہ راست منسلک ہے اسلئے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو موبائل اور کمپیوٹر تک مکمل رسائی دیں مگر ان کی مؤثر نگرانی بھی کریں تا کہ وہ اس سہولت کا غلط استعمال نہ کر سکیں۔ ا نہوں نے کہا کہ یہ بات بھی طے ہے کہ بچوں کو روزانہ 3 گھنٹے سے زیادہ موبائل، ٹی وی یا کمپیوٹروٹیبز کا استعمال نہیں کرنا چاہیے لہٰذا والدین کوہر حال میں ان اصولوں کی پابندی کرانا ہوگی۔