مکہ مکرمہ میں حج سیزن کے دوران پہلی بار روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم

کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی نے جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے پیچیدہ آپریشنز کا آغاز کر دیا، مریضوں کو جلد صحتیابی کی امید

بدھ 21 مئی 2025 16:46

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)مکہ مکرمہ میں حج سیزن کے دوران کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی نے طبی خدمات میں ایک نئی پیش رفت کرتے ہوئے پہلی بار روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم کر دی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق مکہ مکرمہ ہیلتھ کمپلیکس میں روبوٹک سرجری کے دائرہ کار کو وسعت دی گئی ہے جس کے تحت اب سینے کے پیچیدہ آپریشنز سمیت دیگر اہم سرجریاں انجام دی جا رہی ہیں۔

اس جدید سہولت کے ذریعے مختلف اقسام کے ٹیومرز، یورولوجیکل آپریشنز اور اعضا کی پیوند کاری جیسے حساس آپریشنز انجام دیے جا رہے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق روبوٹک سرجری میں جدید ترین نظام استعمال کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف آپریشن زیادہ محفوظ ہوتے ہیں بلکہ ان میں درکار وقت بھی روایتی سرجری سے کہیں کم ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

روبوٹک سرجری کے دوران تھری ڈی کیمروں کی مدد سے انتہائی باریک بینی سے کام کیا جاتا ہے جس سے نہ صرف زخم کا سائز کم ہوتا ہے بلکہ مریض کی صحت یابی کا عمل بھی تیز ہو جاتا ہے۔

مثال کے طور پر سینے کی روایتی سرجری میں جہاں 10 سینٹی میٹر تک کا چیرا لگایا جاتا ہے وہیں روبوٹک سرجری میں صرف ایک سینٹی میٹر کے چھوٹے سوراخ سے ہی آپریشن ممکن ہوتا ہے۔اس پیش رفت سے مکہ مکرمہ میں آنے والے زائرین کو کافی فائدہ پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :