امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کا جوبائیڈن کے بیٹے کو ایک ارب ڈالر ہرجانے کا نوٹس

ہفتہ 16 اگست 2025 17:46

امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کا جوبائیڈن کے بیٹے کو ایک ارب ڈالر ہرجانے ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے جوبائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن کے بیانات پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ارب ڈالر ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق میلانیا کے وکیل الیخاندرو بریٹو نے 6 اگست کو ہنٹر بائیڈن اور ان کے وکیل کو خط لکھا، جس میں کہا گیا کہ یوٹیوب پر دیے گئے انٹرویو میں لگائے گئے الزامات فوری طور پر واپس لیے جائیں اور معافی مانگی جائے۔

بصورت دیگر ان کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج ہوگا۔یہ دعوے ایک پروگرام کے دوران کیے گئے تھے، جس کے میزبان اینڈریو کالہان تھے۔ انٹرویو میں ہنٹر بائیڈن نے مصنف مائیکل وولف کے ایک بیان کی بنیاد پر کہا کہ میلانیا ٹرمپ کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹین کے ذریعے ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

میلانیا کے وکلا کے مطابق یہ بات سراسر غلط ہے اور اس سے خاتونِ اول کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ خبر جسے بنیاد بنایا گیا تھا، بعد میں ڈیلی بیسٹ نے بھی حذف کردی اور معافی مانگی۔ اس کے باوجود ہنٹر بائیڈن نے ان بیانات کو آگے بڑھایا۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہنٹر بائیڈن محض شہرت حاصل کرنے کے لیے ایسے دعوے کر رہے ہیں اور ان کے پاس ان کی حمایت میں کوئی ثبوت نہیں۔ذرائع کے مطابق ہنٹر بائیڈن نے نہ صرف نوٹس پر عمل کرنے سے انکار کیا بلکہ اسے ایک قریبی رپورٹر کے ذریعے میڈیا میں لیک بھی کر دیا۔

دوسری جانب میلانیا ٹرمپ کے ترجمان نے وضاحت دی ہے کہ ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی ملاقات کی اصل کہانی ان کی کتاب Melania میں درج ہے اور کسی جھوٹی بات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ جیفری ایپسٹین وہ مجرم تھے جن پر دنیا بھر میں نابالغ لڑکیوں کے جنسی استحصال اور انہیں بااثر شخصیات کو فراہم کرنے کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ ایپسٹین نے امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔ ان کے کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ سمیت برطانوی شہزادہ اینڈریو کا نام بھی زیرِ بحث آیا تھا۔