صدر ایوان تجارت وصنعت ملتان کا ٹریڈ آرگنائزیشن ترمیمی بل2025 کی منظوری پراظہارِ اطمینان

قومی اسمبلی میں بل کی منظوری کے اقدام سے تجارتی اداروں پر لٹکی ہوئی غیریقینی کی تلوار کا خاتمہ ہو گیا ہے، صدر ایوان تجارت وصنعت ملتان میاں بختاور تنویر شیخ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 21 مئی 2025 23:30

صدر ایوان تجارت وصنعت ملتان کا ٹریڈ آرگنائزیشن ترمیمی بل2025 کی منظوری ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2025ء) ملتان کے مقامی سیاست دان اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید علی قاسم گیلانی نے ٹریڈ آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس بل کی منظوری کے بعد ملک بھر کی تمام ٹریڈ آرگنائزیشنز جن میں چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایسوسی ایشنز شامل ہیں کے عہدیداران کی مدت کار دو سال کر دی گئی ہے۔

اس اقدام سے تجارتی اداروں پر لٹکی ہوئی غیر یقینی کی تلوار کا خاتمہ ہو گیا ہے، جسے کاروباری حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔ ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے اس بل کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ملکی ٹریڈ باڈیز کے لیے استحکام کا باعث بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سینٹ سے بھی یہ بل جلد منظور ہو جائے گا۔

جس کے بعد ملک بھر میں موثر طریقے سے ٹریڈ باڈیز کو کام کرنے کا موقع ملے گا۔ میاں بختاور تنویر شیخ کا مزید کہنا تھا کہ اس ترمیمی بل کے نفاذ سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور کاروباری طبقہ مزید اعتماد کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے گا ایسے حکومتی اقدامات کاروباری ماحول کو مضبوط اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ایوان تجارت و صنعت ملتان کے ممبران کا کہنا ہے کہ اس بل کے نفاذ سے مستحکم قیادت میسر آئے گی جو ملک کی معیشت کے فروغ کے لیے خوش آئند ہے۔ میاں بختاور تنویر شیخ نے کہا کہ ہم سید علی قاسم گیلانی کی کاوشوں کیلئے ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔