کھیل صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرتے ہیں ، اساتذہ کو ذہنی طور پر توانا رکھتے ہیں، ایجوکیشن سپورٹس کمیٹی ممبران

جمعرات 22 مئی 2025 17:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سپورٹس کمیٹی ممبران سدرہ منور اور سحرش بخاری نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرتے ہیں بلکہ اساتذہ کو ذہنی طور پر توانا رکھتے ہیں، جو بالآخر طلبہ کی بہتر تعلیم کا باعث بنتے ہیں۔تدریس کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی نہایت اہمیت رکھتی ہیں، جو اساتذہ کی فکری اور جسمانی فلاح کے لیے ناگزیر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں اے پی پی سے گورنمنٹ گریجویٹ مرے کالج سیالکوٹ میں سپورٹس گالا کے انعقاد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم پنجاب نےملک میں پہلے ٹیچرز سپورٹس گالا کا انعقاد کروا کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اس طرح کے ایونٹس اساتذہ کو روزمرہ کی تدریسی مصروفیات سے ایک خوشگوار ماحول فراہم کرتے ہیں، جس سے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

جو اساتذہ کے درمیان باہمی احترام اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دیتا ہے۔جب اساتذہ ذہنی اور جسمانی طور پر توانا ہوں گے، تو وہ زیادہ جوش و خروش اور لگن سے پڑھائیں گے، جس کا براہ راست فائدہ طلبہ کو پہنچے گا۔ طلبہ اپنے اساتذہ کو کھیلوں میں حصہ لیتے دیکھ کر صحت مند زندگی گزارنے کی ترغیب حاصل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام حکومت پنجاب کی اس عزم کا عکاس ہے کہ وہ اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اساتذہ کو صرف تعلیمی نظام کا ایک اہم ستون ہی نہیں سمجھتی بلکہ ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بھی اتنی ہی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیچرز سپورٹس گالا کی کامیابی سے یہ امید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد باقاعدگی سے کیا جائے گا، جس سے اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور تعلیمی نظام مزید مضبوط ہوگا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سپورٹس کمیٹی ممبران نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر شکریہ ادا کیا۔