ڈپٹی سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی کی صدارت میں خصوصی کمیٹی برائے جینڈرمین سٹریمینگ کا پہلا تعارفی اجلاس

جمعرات 22 مئی 2025 18:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے جینڈر مین سٹریمینگ کا پہلا تعارفی اجلاس ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اور اراکین صوبائی اسمبلی محمد عارف، زرشاد خان، نِیلوفر بابر، ریحانہ اسماعیل، شہلا بانو اور سمیع اللہ نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کو محکمہ سماجی بہبود اور خیبر پختونخوا کمیشن برائے وقارِ نسواں کے کام اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جس میں انہیں محکمہ کی مختلف سیکشنز کے بارے آگاہ کیا گیا اور ان کی ذمہ داریاں بتائی گئیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود ایک ایسا اہم ادارہ ہے جو عوام کی فلاح و بہبود، خصوصاً خواتین، بچوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کے لیے کام کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا کردار نہایت کلیدی ہے اور اسے مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاحی ریاست کے قیام کے لیے ایسے اداروں کا مضبوط ہونا نہایت ضروری ہے۔اجلاس میں مختلف امور زیر بحث آئے جن میں خیبر پختونخوا ویمن کمیشن کے اراکین کی تقرری، محتسب کی تعیناتی اور دارالامان کی سیکیورٹی سے متعلق مسائل شامل تھے۔کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام محکموں کے جینڈر فوکل پرسنز کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :