حج عشق بھرا سفر ہے، مقبول حج کی جزا جنت ہے،مولانا عبدالحبیب عطاری

مسلمان ہر جگہ مبلغ ہے، بہترین ہم نشین وہ ہوتا ہے جسے دیکھ کر اللہ یاد آئے، اجتماع سے بیان

جمعہ 23 مئی 2025 19:52

حج عشق بھرا سفر ہے، مقبول حج کی جزا جنت ہے،مولانا عبدالحبیب عطاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا ہے کہ عازمینِ حج تیاریوں میں مصروف ہیں، کچھ سامان خرید رہے ہیں اور کچھ روانہ بھی ہوچکے ہیں، حج کی فضیلتیں بے شمار ہیں، مقبول حج کی جزا جنت ہے، حج پچھلے تمام گناہوں کو مٹا دیتا ہے، حاجی اپنے اہلِ خانہ میں سے چار سو افراد کی شفاعت کرے گا، حاجی جس کیلئے دعا کرے، اللہ پاک اس کی مغفرت فرما دیتا ہے، حاجی اللہ کا مہمان ہوتا ہے، اس کی دعا قبول کی جاتی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد میمن ، میمن نگر گلزار ہجری میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج ایک عشق بھرا سفر ہے، یہ سفر سوز و گداز اور رقت سے بھرپور ہونا چاہئے، اس سفر کے کچھ آداب بھی ہیں، جن کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، دورانِ حج گناہوں، فحش باتوں اور جھگڑوں سے بچنا چاہئے،یہ کام ویسے بھی ہر جگہ منع ہیں، لیکن حج جیسے عظیم موقع پر ان سے بچنا اور زیادہ ضروری ہو جاتا ہے کیونکہ بندہ احرام باندھ کر اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہو چکا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ بہترین ہم نشین وہ ہوتا ہے جسے دیکھ کر اللہ یاد آئے، جس کی باتیں سن کر نیک عمل کا جذبہ پیدا ہو، اور جس کے کردار سے فکرِ آخرت جاگے، یہ تین نکات ہمارے لئے آئینہ ہیں، اگر ہم کسی سے دوستی کر رہے ہیں تو غور کریں کہ کیا ان میں یہ تینوں خوبیاں موجود ہیں اور اگر ہم چاہتے ہیں کہ کوئی ہمیں اچھا دوست بنائے تو ہمیں بھی چاہئیکہ یہ خوبیاں اپنے اندر پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان کا کردار اچھا ہونا چاہئے، دراصل ہر مسلمان ہر وقت اور ہر جگہ مبلغ ہے، ایک مسلمان کی یہ شان ہوتی ہے کہ اس کی باتوں اور اس کے کردار سے خوشبو آتی ہے، وہ بے نمازیوں میں بیٹھ جائے تو انہیں نمازی بنا دیتا ہے، سود خوروں میں بیٹھ جائے تو انہیں رزقِ حلال کا عادی بنا دیتا ہے اور غفلت میں ڈوبے لوگوں کو اللہ والا بنا دیتا ہے، کاش ہم سب بھی ایسے بن جائیں اور اگر خود ویسے نہیں بن سکتے تو کم از کم ایسے نیک لوگوں کی صحبت ضرور اختیار کریں۔

مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ یاد رکھیں حج یا عمرے کے سفر میں زبان کو پاک رکھیں، فضول باتوں سے بچیں، نرم مزاجی اپنائیں، گناہوں سے دور رہیں اور کسی سے جھگڑا نہ کریں، دراصل ان آداب کا لحاظ صرف مکہ یا مدینہ میں ہی نہیں بلکہ اپنی روزمرہ زندگی میں بھی رکھنا چاہئے۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہم ایسے باکردار، بااخلاق، مثر مسلمان بن جائیں کہ ہمارا کردار، گفتار، نشست و برخاست سب کچھ سنت کے مطابق ہو، ہماری زبان سے پھول جھڑیں، بازاری انداز نہ ہو اور ہمارا کردار ایسا ہو کہ دیکھنے والا دنیا کو بھول کر آخرت کی فکر کرنے لگے۔

متعلقہ عنوان :