Live Updates

پاکستان کپیسیٹرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد کی صدر لاہور چیمبر سے ملاقات،درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال

ہفتہ 24 مئی 2025 17:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) پاکستان کیپیسٹرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ہفتہ کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد سے ملاقات کی اورمقامی کیپیسٹر مینوفیکچرنگ شعبے کو درپیش اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وفد کی قیادت لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن آصف خان کررہے تھے جبکہ وفد میں شامل عدیل اعجاز، محمد رمضان اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران خرم لودھی، کرامت علی اعوان، سید سلمان علی، عامر علی اور احسن شاہد شامل تھے۔

وفد نے صدر لاہور چیمبر کو مقامی کیپیسٹر صنعت کو درپیش مختلف چیلنجز سے آگاہ کیا جن میں خام مال کے لیے درآمدات پر انحصار، پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ، حکومتی سطح پر پالیسی سپورٹ کی کمی، پیچیدہ درآمدی ضوابط اور ٹیکنالوجی کی مقامی بنیادوں پر عدم دستیابی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفد کے سربراہ آصف خان نے کہا کہ اگر فوری طور پر پالیسی اصلاحات نہ کی گئیں تو مقامی مینوفیکچررز عالمی مقابلے میں پیچھے رہ جائیں گے اور اس کا شدید نقصان ملکی صنعت کو ہوگا۔

وفد نے کہا کہ لاہور چیمبر اس اہم صنعتی شعبے کے حق میں زیادہ مو ثر اور متحرک کردار ادا کرے اور ایک ایسا ماحول بنانے میں مدد دے جو مقامی صنعت کاروں کے لیے سازگار ہو۔ خاص طور پر انہوں نے کیپیسٹرکے خام مال پر ڈیوٹی میں کمی، درآمدی طریقہ کار کو آسان بنانے اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر و مقامی پیداوار کے لیے مراعات کی فراہمی میں چیمبر کی معاونت کی درخواست کی۔

اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کیپیسٹر انڈسٹری کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر ان کے جائز مطالبات کو تمام متعلقہ حکومتی فورمز پر مو ثر انداز میں اٹھائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے درآمدی انحصار کو کم کرنا اور مقامی صنعت کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیپیسٹر مینوفیکچرنگ کا شعبہ بے پناہ امکانات کا حامل ہے اور لاہور چیمبر اس کی بھرپور حمایت کے لیے پرعزم ہے، ہم ان کے تمام حقیقی مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے اور ایسی پالیسیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے جو مقامی صنعت کاروں کو تحفظ اور فروغ دیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ لاہور چیمبر اور پاکستان کپیسیٹر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مابین ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے تاکہ مسلسل بات چیت جاری رکھی جا سکے ،قابل عمل تجاویز مرتب کی جا سکیں اور ایک پائیدار حل کی جانب بڑھا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات